مسئلہ٣٥٩:اگر کوئ شخص کسی بیماری کی وجہ سے ماہ رمضان کا روزہ نہ رکھے اور اس کی بیماری آئندہ سال تک باقی رہے تو اس نے جو روزے نہیں رکھے ہیں ان کی قضاء اس پر واجب نہیں ہے اور روزانہ ہر روز کے روزے کے عوض ایک مُد طعام یعنی تین پاؤ گندم یا جو یا روٹی یا کھانا یا کشمش یا کھجور وغیرہ فقیر کو دے لیکن اگر کسی دوسرے عذر کی بنا پر مثلاً مسافرت کی وجہ سے اس نے روزہ نہیں رکھا ہو اور اس کا عذر آئندہ رمضان تک باقی رہے تو احتیاط واجب یہ ہے کہ جو روزے اس نے نہیں رکھے ہیں ان کی قضاء کرے اور روزانہ ایک مُدطعام (کھانا) فقیر کو دے۔
مسئلہ٣٦٠:اگر کوئ شخص ماہ رمضان کے روزہ کو جان کر نہ رکھے تو ان کی قضاء بجا لاۓ اور ہر روزے کے بدلے دو مہینے کے روزے رکھے یا ساٹھ مسکینوں اور فقیروں کو کھانا کھلاۓ یا ایک غلام آزاد کرے اور اگر آئندہ رمضان تک اس روزہ کی قضاء بجا نہ لاۓ تو روزانہ کے کفّارے کے علاوہ ایک مُدطعام دینا لازم ہے اور اس روزہ کی قضاء کرنا بھی واجب ہے۔